ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار پی ایس آئی کے خلاف مار پیٹ کا الزام

کاروار پی ایس آئی کے خلاف مار پیٹ کا الزام

Thu, 27 Oct 2016 16:09:10    S.O. News Service

کاروار 27؍اکتوبر(ایس او نیوز)چند دن پہلے کاروار میں رات کے وقت موٹر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ایک کار میں سفر کررہے چار مسافروں کو گرفتار کیے جانے کی خبر شائع ہوئی تھی۔ الزام تھا کہ ان چاروں نے تلاشی کے دوران ٹاؤن پی ایس آئی کسومادھار پر حملہ کیاتھا۔

اس معاملے نے اب دوسرا رخ اختیار کرلیا ہے ۔ کیونکہ ملزمین کی طرف سے سب انسپکٹر پر ہی الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے اور پولیس جیپ ڈرائیور نے مل کر ان چاروں پر حملہ کیا اور ان کی بری طرح پٹائی کی ہے۔ اس تعلق سے کاروار میں احتجاج کیا گیا اور ضلع ڈپٹی کمشنر کو میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔ملزم بال کرشنا دتّا رام بائیکیریکر کی طرف سے دئے گئے اس میمورنڈم میں الزام لگا یا گیا ہے کہ جب وہ اور اس کے دیگر ساتھی رات کو کاروار ساحل پر ہواخوری کے بعد اپنی کار میں واپس آرہے تھے ، تو پولیس سب انسپکٹر کوسمادھار اور ان کے جیپ ڈرائیورنے انہیں روکا۔اور کار کے ڈرائیور پر الزام لگایا کہ اس نے شراب پی رکھی ہے۔انہوں نے اس بات سے انکار کیا توپی ایس آئی نے ان کی گاڑی کے کاغذات طلب کیے۔پھران سے رشوت طلب کی گئی ۔ مگر جب رشوت دینے سے انکار کیا تو پی ایس آئی اور ان کے ڈرائیور نے ان کے ساتھ گالی گلوچ کی۔اس کے ساتھ لاٹھی اور بوٹ کے ساتھ لاتوں سے بری طرح پیٹائی کردی۔ پھر پولیس اسٹیشن سے مزید تین پولیس اہلکاروں کو بلالیا گیا اور دوبارہ پیٹائی کی گئی۔جس سے ان کے چہرے اورہاتھ پاؤں وغیرہ زخمی ہوگئے۔وہاں سے پولیس اسٹیشن لے جاکر بھی آدھے گھنٹے تک مارا پیٹا گیا۔ 

الزام یہ بھی لگایا گیا ہے کہ پولیس نے ان کی گرفتاری کے سلسلے میں ان کے گھر والوں کو کوئی اطلاع نہیں دی اور خود انہیں موبائل فون سے گھر والوں کو خبر کرنے بھی نہیں دیا گیا ۔پھر جب ان کے گھر والے انہیں ڈھونڈتے ہوئے پولیس اسٹیشن پہنچے تب بھی ان کو اندر آنے نہیں دیا گیا۔ اس کے علاوہ دھمکی دی گئی کہ اگر سرکاری ڈاکٹر کو یا عدالت میں مار پیٹ کے زخم دکھانے کی کوشش کی گئی تو پھر ان پر 307یعنی قاتلانہ حملے کا الزام لگاکر انہیں جیل میں سڑادیا جائے گا۔

میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بے گناہ لوگوں کے ساتھ اس طرح کا غیر انسانی اور غیر قانونی سلوک کرنے پر کاروار ٹاؤن پی ایس آئی کوسمادھار اور ان کے جیپ ڈرائیور کے خلاف سخت قانونی اقدام کیا جائے اور انہیں ملازمت سے برطرف کردیا جائے۔


Share: